کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے کئی مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں موسم صاف اور خشک رہے گا۔ اس کے علاوہ اتوار کو حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد، حیدرآباد ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب اتوار سے پیر کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ مری میں برفباری کے بعد سردی کی شدت کے ساتھ ساتھ موسمی امراض میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان میں حالیہ برفباری، بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے بعد متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔