کراچی، (اسٹاف رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے آپریشن ’’غضب الحق‘‘ کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان کی سالمیت ناقابلِ تسخیر ہے اور ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ قومی سلامتی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں ہے اور ملکی استحکام و امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور قومی مفاد کے معاملے پر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
گیانچند ایسرانی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے جس نے ہمیشہ مذاکرات اور برادرانہ تعلقات کو ترجیح دی ہے، تاہم دشمن کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار واضح ہے اور قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔