کینڈی، (اسپورٹس ڈیسک) ہیری بروک کی 51 گیندوں پر شاندار سنچری نے شاہین شاہ آفریدی کی چار وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کو بھی ضائع کر دیا انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 165 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے جیت لیا شاہین نے آغاز میں فل سالٹ، جوس بٹلر اور جیکب بیتھل کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو 35-3 تک محدود کر دیا، بعدازاں انہوں نے بروک کی وکٹ بھی حاصل کی اور 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے، تاہم بروک کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ بدل دیا ہیری بروک نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے سیم کرن کے ساتھ 45 اور ول جیکس کے ہمراہ 52 رنز کی اہم شراکتیں قائم کیں۔ آخری اوور میں انگلینڈ کو تین رنز درکار تھے اور پہلی ہی گیند پر جوفرا آرچر نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ محمد نواز نے 19ویں اوور میں دو وکٹیں لے کر مقابلہ دلچسپ بنا دیا تھا، جبکہ عثمان طارق نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 164 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی اور بابر اعظم کے ساتھ 46 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ فخر زمان اور شاداب خان نے اختتامی اوورز میں اہم رنز جوڑے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے تین جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں 28 فروری کو اسی مقام پر سری لنکا کا سامنا کرے گا۔