کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ ندیم میمن نے کراچی میں تاریخی ڈی جے سائنس کالج کا دورہ کیا جہاں انہیں تعلیمی سہولیات، کلاس رومز، لائبریری اور سائنسی لیبارٹریز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کالج کی انتظامی و تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف شعبہ جات اور عمارت کے حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ لیبارٹری آلات اور انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈی جی کالجز سندھ، ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی، چیف انجینئر، ڈائریکٹر (ڈیولپمنٹ) اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سیکریٹری ندیم میمن نے کیمیا، فزکس، بایولوجی اور کمپیوٹر لیبارٹریز کا دورہ کر کے طلبہ کے عملی تجربات کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ عملی تعلیم سائنسی تدریس کا لازمی جزو ہے، لہٰذا لیب ورک کو مکمل ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فراہم کردہ بجٹ طلبہ کے مفاد میں شفاف انداز میں خرچ کیا جائے اور ہر اخراجات کا احتساب یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جدید آلات، کیمیکلز، کمپیوٹرز اور حفاظتی سامان کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر لیبارٹری میں حفاظتی اقدامات مکمل ہوں۔ سیکریٹری کالجز نے طلبہ سے ملاقات کر کے ان کی آراء بھی حاصل کیں اور کہا کہ ڈی جے سائنس کالج کو صوبے کے دیگر اداروں کے لیے ایک مثالی ماڈل بنایا جائے گا جہاں بجٹ کے مؤثر استعمال سے تعلیم اور عملی تربیت کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔