کراچی، (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی بروقت چھپائی اور تقسیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتابوں کی بروقت اشاعت اور تقسیم سے طلبہ کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع نہیں ہوتا اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز منظم انداز میں ممکن ہوتا ہے۔ ان کے مطابق وزیر تعلیم کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی ہدایات کے باعث اس سال سرکاری اسکولوں میں درسی کتب کی فراہمی وقت پر یقینی بنائی گئی، جو ایک مثبت اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنماؤں دوست محمد دانش بلوچ، مرتضیٰ شاہ، محمد سلیم، توصیف شاہ، محمد ساجد، اعجاز کاشف، اشفاق حسین، شکیل سومرو، یونس قائم خانی، منیر عباسی، مرزا اشفاق بیگ، علی گوہر، نعمان رضا، عادل بلوچ، شہاب اقبال اور دیگر ایگزیکٹو ممبران و ضلعی صدور نے امید ظاہر کی کہ اگلے مرحلے میں پرائیویٹ اسکولز کے لیے بھی درسی کتب جلد اوپن مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی، تاکہ تمام طلبہ و طالبات اور اساتذہ یکسوئی کے ساتھ نئے تعلیمی سال کا بروقت اور مؤثر آغاز کر سکیں۔