جامعہ فاروقیہ کمالیہ دینی علوم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے
سینکڑوں طلباء و طالبات کو بہترین دینی تعلیم و تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ مولانا لطف اللہ لدھیانوی
کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ویب ایڈیٹر) ضلعی مسئول وفاق المدارس العربی ٹو بہ ٹیک سنگھ مہتم جامع فاروقیہ کمالیہ مولانامحمد لطف اللہ لدھیانوی نے صدر کمالیہ پریس کلب عبد الحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری محمد حسین عابد اور نمائندہ روزنامہ جناح رانا افتخار خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں۔ اسلامی تعلیم و تربیت کے فروغ اور نسل نو کو اسلام سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ جامعہ فاروقیہ کمالیہ دینی علوم کی ترویج و اشاعت کیلئے کوشاں ہے۔ ہمارے ادارے سے ہر سال بڑی تعداد میں بیٹے بیٹیاں دینی تعلیم حاصل کر کے حفاظ و علماء بن کر فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ الحمدللہ ہم سینکڑوں طلباء وطالبات کو بہترین دینی تعلیم و تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ جامعہ فاروقیہ کمالیہ میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اعلیٰ ترین تعلیم معیار کو اپناتے ہوئے نہایت مثالی تعلیم و تربیت کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں