کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مظہر جبلپوری انٹرا اکیڈمی سیون اے سائیڈ ہاکی لیگ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں تبسم پینتھرز اور صابر ٹائیگرز کی ٹیمیں کامیاب، امتیاز ڈولفینز اور عظیم فیلکنز کا میچ 1-1 گول سے برابر. اولمپیئین عبدالحسیم خان، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے چئیرمین رانا مشتاق احمد مہمان خصوصی تھے، نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے ہاکی اسٹیڈیم میں الصغیر ہاکی کلب کے زیر اہتمام منعقدہ مظہر جبلپوری انٹرا اکیڈمی ہاکی لیگ میں گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں تبسم پینتھرز نے شعیب لائنز کو بآسانی چار گول سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے شہیر انعام اور فرذاق نے دو، دو گول اسکور کئے، دوسرے میچ میں صابر ٹائیگرز نے علی ایگلز کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کیلئے علی عباس اور اوکاشا نے دو، دو گول اسکور کئے، جبکہ تیسرا میچ جوکہ امتیاز ڈولفینز اور عظیم فیلکنز کے مابین کھیلا گیا تھا، 1-1 گول سے برابر رہا، بلاول اور بلال بن راشد نے گول اسکور کئے، مہمان خصوصی اولمپیئین عبدالحسیم خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت گراس روٹ لیول پر ہاکی کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اگر ہماری بنیاد ہی مضبوط نہیں ہوگی تو پھر ہم اسی طرح عالمی درجہ بندی میں غفت اٹھاتے رہیں گے، آج کے بچے مستقبل کے اسٹارز بنیں گے لیکن اس کیلئے محنت اور لگن کی ضرورت ہے جتنی محنت کرینگے اتنا پھل ملے گا، رانا مشتاق احمد نے کہا کہ مظہر جبلپوری مرحوم ماہر شماریات ہونے کیساتھ ہاکی کے ایک اچھے کھلاڑی بھی تھے، مرحوم 19 کتابوں کے مصنف، کالم نگار اور تجزیہ کار تھے انہوں نے اپنے قلم کے ذریعے قومی کھیل کی گراں قدر خدمات انجام دیں مظہر جبلپوری کی کمی کو پورا کرنا بہت مشکل ہے، رانا مشتاق بچوں سے گھل مل گئے انہوں نے کھلاڑیوں کو ہاکی کی ٹپس بھی دیں، اس موقع پر مہمانوں کو الصغیر ہاکی کلب کی انتظامیہ کی جانب سے پھولوں کا تحفہ دیا اور اجرک پہنائی گئی، اس موقع الصغیر نارتھ کراچی ہاکی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مسرور جاوید، حاجی یونس صدیقی، نصرت حسین اور الصغیر ہاکی کلب کے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی۔