ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) موجودہ دور کی تہذیبی جنگ میں تعلیمی اداروں اور طلباء میں اسلامی تہذیب و اقدار کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ہمیں اپنی نسل کو مغربی تہذیب سے بچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ پروفیسر ابو عامر اعظمی نے صوبائی سیکریٹریٹ حیدرآباد میں صوبائی مجلس انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافت کے نام پر تعلیمی اداروں میں بے حیائی کے فروغ کو تنظیم اساتذہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ بڑھتی ہوئی مغربی تہذیب کی یلغار کو روکنے کے لیے تنظیم اساتذہ ہر سطح پر مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور خصوصاً ارکان تنظیم نسل نو کو اس تہذیبی یلغار سے بچانے کے لیے تقویٰ کو بنیاد بناکر اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طور پر ادا کریں۔ تاکہ ہم اپنے رب کے سامنے سرخرو ہوسکیں۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر رئیس احمد منصوری نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ تمام صوبائی ذمہ داران کے علاوہ سندھ بھر سے آئے ہوئے اضلاع کے صدور اور صوبائی مجلس انتظامیہ کے منتخب ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوے۔ بعد ازاں صوبائی نائب صدر کی خالی نشست پر انتخاب کرایا گیا خفیہ بیلٹ کے ذریعے ارکان نے پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری کو سیشن 2022 تا 2023 کے لیے تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ کا نایب صدر اور جاوید اخلاق کو مرکزی انتظامیہ کا رکن منتخب کیا۔