کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر)
35ویں نیشنل گیمز پاکستان آرمی کی شاندار برتری کے ساتھ اختتام کو پہنچ گئے۔ پاکستان آرمی نے 196 گولڈ میڈلز حاصل کر کے قائداعظم ٹرافی اپنے نام کی اور میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
میڈل ٹیبل میں واپڈا نے 84 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ پاکستان نیوی نے 36 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گزشتہ گیمز میں آٹھویں نمبر پر رہنے والا پنجاب نمایاں بہتری کے بعد 16 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آ گیا۔
ایچ ای سی پانچویں اور سندھ چھٹی پوزیشن پر رہا، جبکہ پاکستان ایئر فورس ساتویں نمبر پر رہی۔ دیگر دستوں میں خیبر پختونخوا آٹھویں، بلوچستان نویں، ریلوے دسویں، اسلام آباد گیارھویں اور پولیس بارھویں نمبر پر رہی۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کوئی گولڈ یا سلور میڈل حاصل نہ کر سکے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اختتامی تقریب کے دوران 6 دسمبر کو روشن کی گئی مشعل بجھا دی گئی۔ 35ویں نیشنل گیمز میں ملک بھر کے کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور قومی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔