کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر) سابق وزیرِ اعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہر دور میں سچ لکھنا، سننا اور بولنا مشکل رہا ہے، مگر سچ ایک دن ضرور سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر بالغ شہری کو ووٹ کا حق دے کر عوام کو بااختیار بنایا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1973ء کے آئین کی اصل صورت میں بحالی کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف مصنف و کالم نگار محمد خان ابڑو کی کتاب “The Travel of Truth” کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محمد خان ابڑو نے اپنی کتاب میں سچ اور حقائق کو جرات مندی سے قلم بند کیا ہے، جو پیپلز پارٹی کے لیے ایک قیمتی فکری سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس سفر کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔
کتاب کے مصنف محمد خان ابڑو نے کہا کہ ان کی کتاب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک پیپلز پارٹی اور سندھ کی سیاسی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالمز کو انگریزی زبان میں ترجمہ کرنے کا مقصد بین الاقوامی قارئین تک حقائق پہنچانا ہے۔
تقریب سے کراچی سوشل فورم کے صدر محبوب عباسی، معروف مصنف مدد علی سندھی، سابق سینیٹر محمد یوسف شاہین، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کتاب کو تاریخ اور شعور کی ایک اہم دستاویز قرار دیا۔ تقریب میں سیاسی، ادبی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔