Home / اہم خبریں / پاکستان کی طبی تاریخ میں سنگِ میل لیاری جنرل ہسپتال میں روبوٹک ٹیلی سرجری کا کامیاب آغاز

پاکستان کی طبی تاریخ میں سنگِ میل لیاری جنرل ہسپتال میں روبوٹک ٹیلی سرجری کا کامیاب آغاز

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) لیاری جنرل ہسپتال کراچی نے پاکستان کے سرکاری صحت کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے روبوٹک ٹیلی سرجری سینٹر آف ایکسیلینس اور تربیتی ادارے کا باضابطہ افتتاح کر دیا یہ جدید مرکز مائیکروپورٹ کے “ٹومائی روبوٹک ٹیلی سرجری سسٹم” پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے ہزاروں میل دور بیٹھ کر جراحی عمل ممکن ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران کویت کے جابر الاحمد ہسپتال سے براہِ راست کامیاب روبوٹک ٹیلی سرجری بھی انجام دی گئی، جو عالمی معیار کی جراحی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ تھا۔

سینٹر کا افتتاح صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا اس موقع پر سیکریٹری صحت سندھ ریحان بلوچ، پرنسپل لیاری جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان، طبی ماہرین، سرجنز، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان موجود تھے صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت نے کہا کہ روبوٹک ٹیلی سرجری جیسے منصوبے حکومتِ سندھ کے اس عزم کا ثبوت ہیں کہ عوامی ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات متعارف کرا کر کم وسائل رکھنے والے طبقات کو بھی عالمی معیار کا علاج فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری سے متعلق منفی تصورات اب حقیقت نہیں رہے، آج لیاری تعلیم، طبی تحقیق اور جدید علاج کا مرکز بنتا جا رہا ہے اس مثبت تبدیلی میں لیاری جنرل ہسپتال کی پرنسپل و چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان کا کردار نمایاں ہے جو بطور ادارہ جاتی سربراہ اور فعال معالج جراحی مہارت، طبی تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹر سحر فاطمہ سمیت دیگر معالجین کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاپولر انٹرنیشنل اقبال بلو اور مائیکروپورٹ کے ریجنل ڈائریکٹر عدنان علیم نے کہا کہ روبوٹک ٹیلی سرجری عوامی صحت کے نظام میں انقلابی تبدیلی ہے جس کے ذریعے ماہر سرجن سرحدوں کے پار بیٹھ کر علاج کر سکتے ہیں۔ ٹومائی روبوٹک ٹیلی سرجری سسٹم اعلیٰ درستگی کم سے کم چیرا اور زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے اور مقامی سرجنز کے لیے جدید تربیتی پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے، جس سے لیاری جنرل ہسپتال علاج اور طبی تعلیم کے ایک علاقائی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

کراچی ورلڈ بک فیئر 2025 میں 325 سے زائد اسٹالز، پانچ لاکھ سے زائد زائرین کی متوقع آمد

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی ورلڈ بک فیئر (کے ڈبلیو بی ایف) کی منیجنگ کمیٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے