کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کے ایم سی سوئمنگ پول کمپلیکس میں 35ویں نیشنل گیمز کے سوئمنگ مقابلوں کے تیسرے روز بھی پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی سبقت برقرار رکھی۔ آرمی نے خواتین ایونٹس سمیت مجموعی طور پر پانچ گولڈ، تین سلور اور ایک برانز میڈل جیتے، جبکہ سندھ ایک گولڈ اور تین برانز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
1500 میٹر فری اسٹائل میں آرمی کے محمد احمد درّانی نے 17:33.29 کے وقت کے ساتھ گولڈ جیت کر دن کے بہترین سوئمر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ بسط علی نے 18:50.33 میں سلور جبکہ سندھ کے محمد عبداللہ نے 19:20.91 میں برانز لیا۔
50 میٹر بیک اسٹروک میں سندھ کے علی محمد مثہ نے 27.54 کے ساتھ گولڈ، نیوی کے جازم عباسی نے 29.98 میں سلور جبکہ سندھ کے شہزاین عباسی نے 30.45 میں برانز میڈل جیتا۔
200 میٹر بٹر فلائی میں آرمی کے اظہر عباس نے 2:16.02 کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب کے بلال علی نے 2:26.78 میں سلور جبکہ سندھ کے علی عثمان نے 2:31.05 میں برانز لیا۔
100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں آرمی کے رَیان دن اوان نے 1:07.99 کے ساتھ نیا نیشنل ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ اپنے نام کیا۔ پنجاب کے باسیح حسین نے 1:08.96 میں سلور، واپڈا کے حمزہ آصف نے 1:09.86 میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔
200 میٹر انفرادی میڈلے میں آرمی کے سید محمد دانیال نے 2:19.51 کے ساتھ گولڈ، پنجاب کے حاتم نے 2:22.67 میں سلور جبکہ آرمی کے باسیح حسین نے 2:25.82 میں برانز حاصل کیا۔
4×100 میٹر میڈلے ریلے میں بھی آرمی کی ٹیم نے 4:11.97 کے وقت کے ساتھ گولڈ اپنے نام کیا۔ پنجاب نے 4:21.88 میں سلور، جبکہ واپڈا نے 4:25.22 میں برانز جیتا۔
مجموعی طور پر آرمی اختتامی روز بھی پانچ گولڈ کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ اوور آل رینکنگ میں آرمی 15 گولڈ، 11 سلور اور چار برانز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ واپڈا 3 گولڈ، 1 سلور، 3 برانز کے ساتھ دوسرے اور سندھ 2 گولڈ، 11 برانز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔