کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ آرٹس کونسل، برنس گارڈن اور بارہ دری (پولو گراؤنڈ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شہر کو عالمی ثقافتی سطح پر متعارف کرانے میں آرٹس کونسل کا کردار قابلِ ذکر ہے دنیا بھر سے فنکاروں کی کراچی آمد شہر کے لیے اعزاز ہے اور فیسٹیول کے ذریعے کراچی سمیت سندھ اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا موقع ملے گا انہوں نے کہا کہ مقامی فنکاروں، موسیقاروں، نوجوانوں اور اسکالرز کی سرپرستی ضروری ہے اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ وہ مالی مفاد کے بجائے اپنی دھرتی کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرتے ہیں اور پورا پاکستان ان کی دھرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کے مختلف پروگرام آرٹس کونسل، برنس گارڈن اور بارہ دری میں منعقد کیے جائیں گے برنس گارڈن میں قوالی نائٹ جبکہ اختتامی تقریب بارہ دری میں ہوگی جہاں معروف گلوکار سجاد علی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی اور کے ایم سی سمیت متعلقہ ادارے انتظامات میں تعاون کر رہے ہیں، جبکہ تقریباً 100 نوجوان یونیورسٹی گریجویٹس بھی فیسٹیول کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ محمد احمد شاہ نے برنس گارڈن میں جاری ترقیاتی کاموں پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں درودِ ابراہیمی پر مشتمل خطاطی کا فن پارہ پیش کیا۔