سانگھڑ، (رپورٹ، رضوان غوری) سانگھڑ پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خام سپاری کا چورا سپلائی کرنے والے مبینہ بین الاضلاعی گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 2100 کلو خام سپاری کا چورا برآمد کرلیا۔ ایس ایچ او منگلی عبدالغفار قمبرانی نے کارروائی کے دوران رمیش کولہی، کبیر جوگی، یوسف کولہی، طوطو کولہی، پپو کولہی اور کھیموں کولہی کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والا خام سپاری کا چورا 60 بیگز میں پیک تھا اور گٹکا بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او ٹنڈو آدم عمران اختر چانڈیو نے ملزمہ شریفاں سے 11 گرام آئس اور داؤد پٹھان سے گٹکے کی 880 پڑیاں، ایس ایچ او کھاہی محمد شریف جمالی نے محمد علی عرف ادو مری سے 550 پڑیاں جبکہ ایس ایچ او سانگھڑ گلزار علی مری نے فرمان خاصخیلی، رئیس قریشی اور رسول بخش خاصخیلی سے گٹکے کی 420 پڑیاں اور زاہد خاصخیلی سے 20 لیٹر شراب برآمد کی۔
پولیس کی دیگر کارروائیوں میں ایس ایچ او بی سیکشن بشیر احمد چانڈیو نے زاہد عرف مچھر خاصخیلی سے گٹکے کی 200 پڑیاں، ایس ایچ او لنڈو لائق محمد زرداری نے الطاف حسین رند سے 220 پڑیاں جبکہ ایس ایچ او شہدادپور محمد حنیف مہر نے محمد جاوید عرف بوس سے 100 پڑیاں برآمد کیں۔ ادھر ایس ایچ او شاہ پور چاکر اسد نواز خاصخیلی نے قتل کے مقدمہ نمبر 153/2026، بجرم دفعات 302 اور 34 تعزیرات پاکستان میں زیرِ تفتیش ملزمان عمران شر، غازی خان شر اور نعمت اللہ سے تفتیش کے دوران عمران شر کے قبضے سے مبینہ واردات میں استعمال ہونے والا ٹی ٹی پستول برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور ممنوعہ اشیا کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔