کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) لوک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان اور سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے نیشنل ٹیکنیکل آفیشلز کورس منعقد کیا گیا جس میں سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد تکنیکی عہدیداروں نے شرکت کی۔ کورس کے دوران شرکا کو ورلڈ ایتھلیٹکس کے قوانین، جدید تکنیکی ضوابط، مقابلوں کی نگرانی، غیر جانب دارانہ فیصلوں اور نتائج کی شفافیت کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرپرسن لوک سہائتا اور ڈی آئی جی ٹریفک پولیس سید پیر محمد شاہ تھے، جنہوں نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر لوک سہائتا کے سربراہ کھیل آغا ہارون، سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اظہر صمدانی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، جبکہ تجربہ کار تکنیکی عہدیدار محمد نبیل نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے۔