تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سرسید ہائی اسکول ٹنڈوآدم کے قیام کے 78 سال مکمل، تقریب کا انعقاد تاریخی عمارت کی مرمت اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے حکومت سندھ سے فوری اقدامات کا مطالبہ

سرسید ہائی اسکول ٹنڈوآدم کے قیام کے 78 سال مکمل، تقریب کا انعقاد تاریخی عمارت کی مرمت اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے حکومت سندھ سے فوری اقدامات کا مطالبہ

سانگھڑ، (ڈسٹرکٹ رپورٹر، رضوان احمد غوری) ٹنڈوآدم کی تاریخی درسگاہ سرسید گورنمنٹ ہائی اسکول کے قیام کے 78 سال مکمل ہونے پر نیو علی گڑھ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 16 اکتوبر 1948ء کو قائم ہونے والے اس ادارے کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے سینئر ہیڈ ماسٹر محمد رفیق بجورو، ایف اے محمد حسین قریشی، عمران عزیز غوری، کاشف صدیقی اور بلال دانش نے کہا کہ سرسید ہائی اسکول ٹنڈوآدم کی علمی، تہذیبی اور تاریخی شناخت کا اہم حصہ ہے، جس نے گزشتہ 78 برسوں کے دوران نسلِ نو کی تعلیمی، اخلاقی اور فکری تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مقررین نے ادارے کے بانیان مشتاق احمد، امین الدین علوی، قاضی راحت علی، سید ظفر الدین احمد، خالد اعظمی اور دوست محمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر ضیاء الدین پرائمری اسکول، سرسید ہائی اسکول اور نیو علی گڑھ کالج کے قیام اور ترقی میں نیو علی گڑھ ایجوکیشنل سوسائٹی کے کردار کو بھی سراہا، جبکہ سوسائٹی کے سیکریٹری اور میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے سابق وائس چیئرمین سید حسن جمیل کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقررین نے اسکول کی تاریخی عمارت کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں طلبہ کی تعلیم کے لیے استعمال ہونے والی اس عمارت کی مرمت اور بحالی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ تاریخی عمارت کی بحالی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں اور اسکول سے متصل پلاٹ پر حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے تاکہ طلبہ اور ادارے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ مقررین نے اسکول کے پہلے ہیڈ ماسٹر مشتاق احمد اور 1965ء سے 1998ء تک خدمات انجام دینے والے ہیڈ ماسٹر شمس الدین احمد کی خدمات کو بھی یاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرسید گورنمنٹ ہائی اسکول ٹنڈوآدم کا قیمتی علمی و تاریخی ورثہ ہے، جس کا تحفظ حکومت، محکمہ تعلیم، اہلِ شہر اور مخیر حضرات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی علم و آگہی کے فروغ اور طلبہ کی کردار سازی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

لاڑکانہ میں روحانی طلبہ جماعت کے 51ویں یومِ تاسیس پر نعتیہ مقابلہ، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم

لاڑکانہ میں روحانی طلبہ جماعت کے 51ویں یومِ تاسیس پر نعتیہ مقابلہ، نمایاں پوزیشن حاصل …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے