کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ کورنگی قیوم آباد روڈ کی مرمت کا حکم دیدیا گیا ہے اس روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو جو پریشانی ہورہی ہے اس کا حکومت کو احساس ہے جلد یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی رابعہ خاتون کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی ابتر حالت سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جی ڈی اے کی رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے شاہ لطیف یونیورسٹی میں شعبہ فارمیسی کے رجسٹریشن کے مسئلہ پر ایوان کی توجہ مبذول کرائی۔انہوں نے کہا کہ 60 ہزار فیس جمع کرانے کے بعد والدین بچوں کو یونیورسٹیوں میں داخلہ دلاتے ہیں لیکن شعبہ فارمیسی کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل نہ ہونے سے چارسو بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے، اگر آپ رجسٹریشن نہیں کرا پارہے تو داخلے کیوں دیئے جاتے ہیں۔ جس پر وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے یقین دہانی کرائی کہ کچھ دنوں میں یونیورسٹی کا ایشو حل ہوجائے گا اور اس ضمن میں محکمہ صحت مناسب اقدامات کررہا ہے۔ ایم ایم اے کے رکن اسمبلی عبدالرشید نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے شکایت کی کہ ان کے حلقے میں تمام آر او پلانٹس کی حالت خراب ہے اور عوام پینے کے پانی سے محروم ہیں، آر او پلانٹس پر اربوں روپے خرچ کئے گئے اب پانی نہیں صاف ہورہا اور جو صاف ہو رہا ہے وہ فروخت کیا جارہا ہے جس پر وزیر بلدیات سعید غنی نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے واٹر کمیشن کی ہدایات پر مسائل پیدا ہوگئے تھے، 15 میں سے 11 کو فنکشنل کیا گیا ہے کچھ میں پانی کی نمکیات کا مسئلہ ہے جس پر بھی کام کر رہے ہیں درست کرلیا جائے گا۔
![]()