کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے زیرِ اہتمام ایک شاندار روڈ سیفٹی کانفرنس کا انعقاد میریئٹ ہوٹل کراچی میں کیا گیا، جس میں ٹریفک قوانین کی آگاہی اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں پر زور دیا گیا۔ اس باوقار تقریب میں سندھ حکومت کے وزیر ناصر حسین شاہ، آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سمیت مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی تقریب کا مقصد نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت سے روشناس کروانا اور روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد کو فروغ دینا تھا۔ مقررین نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ ٹریفک کے قوانین کا احترام کریں اور دوسروں کے لیے مثال بنیں اس مفید اور بااثر پروگرام میں علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کم از کم 40 طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور اس کانفرنس کو ایک معلوماتی اور تعمیری تجربہ قرار دیا۔ کانفرنس میں نہ صرف معلوماتی سیشنز منعقد کیے گئے بلکہ سوال و جواب کی نشست نے بھی حاضرین کی دلچسپی کو بڑھایا۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کی طالبہ اور یوتھ پارلیمنٹ ممبر کشش کو شیلڈ دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس پروگرام کو نئی نسل کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا .