تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سندھ کابینہ کے اہم فیصلے، صحت، تعلیم، کاروبار، ماہی گیری اور ٹرانسپورٹ شعبوں میں بڑی اصلاحات کی منظوری

سندھ کابینہ کے اہم فیصلے، صحت، تعلیم، کاروبار، ماہی گیری اور ٹرانسپورٹ شعبوں میں بڑی اصلاحات کی منظوری

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت، تعلیم، کاروبار، ٹرانسپورٹ، ماہی گیری، خصوصی افراد کی بحالی اور گندم خریداری سے متعلق متعدد اہم فیصلوں اور اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت صوبے میں گورننس، کاروباری ماحول اور عوامی سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

کابینہ نے سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (SBOSS) کے تکنیکی و آپریشنل انتظامات سندھ آئی ٹی کمپنی کے سپرد کرنے اور 15 کروڑ روپے کے سروس لیول ایگریمنٹ (SLA) کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 صوبائی محکموں اور بلدیاتی اداروں کے 150 سے زائد کاروباری عمل کو خودکار بنایا جا چکا ہے، جبکہ لائسنسنگ، کلیئرنس، سرٹیفکیٹس اور دیگر ریگولیٹری خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے کاروباری برادری کو جدید اور بلا تعطل سہولتیں میسر آئیں گی اور عالمی سطح پر پاکستان کے کاروباری ماحول کی درجہ بندی بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔

صحت کے شعبے میں کابینہ نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے انتظامی امور کے لیے نئے قانونی فریم ورک کی منظوری دی، جس کے تحت دونوں اداروں کے انتظامی اختیارات باضابطہ طور پر سندھ حکومت کو منتقل کیے جائیں گے۔ سندھ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنسی پالیسی 2026 بھی منظور کر لی گئی، جس کے تحت تمام سرکاری میڈیکل جامعات اور تدریسی اداروں میں مرکزی داخلہ ٹیسٹ اور یکساں میرٹ سسٹم نافذ ہوگا۔ کابینہ نے 3 ہزار 794 تربیتی نشستوں کے لیے 4 ارب 73 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔

اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت کے شعبے میں کابینہ نے ائی بی اے اور اقراء یونیورسٹی کے ترمیمی بلز کی منظوری دی، جن کے تحت دونوں جامعات کو ملک بھر اور بیرون ملک کیمپس قائم کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔ اسی طرح سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (STEVTA) ترمیمی بل 2026 بھی منظور کیا گیا، جس کے تحت تمام سرکاری و نجی فنی تربیتی اداروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی تاکہ فنی تعلیم کے شعبے میں معیار، نگرانی اور گورننس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سندھ کابینہ نے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ-2 منصوبے کی تعمیراتی رفتار تیز کرنے کی منظوری دیتے ہوئے سابقہ جوائنٹ وینچر معاہدہ ختم کر دیا۔ کابینہ نے منصوبہ فرنٹیر ورکس ارگنائزیشن کے سپرد کرنے کی منظوری دی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

کابینہ نے ماہی گیروں کو معاشی ریلیف فراہم کرتے ہوئے سالانہ ماہی گیری پابندی میں 15 دن کی نرمی کی منظوری بھی دی، جس کے تحت یکم جون سے 15 جون 2026 تک ماہی گیری کی اجازت ہوگی۔ علاوہ ازیں خصوصی افراد کی بحالی کے لیے سندھ کے آٹزم بحالی ماڈل کو اسلام آباد تک توسیع دینے کی منظوری دی گئی، جبکہ گندم خریداری مہم 2026 کا جائزہ لیتے ہوئے کسانوں کے لیے گندم بوریوں کی شرط میں رعایت اور سپلائی چین کو بہتر بنانے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کی ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں تیز، محسن نقوی کی تہران میں اہم ملاقاتیں

تہران، (نوپ نیوز ) ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے پاکستان کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے