کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی تیسری انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ چیمپئن شپ 2026-25 میں بی ایس سی ایس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ میں بی ایس سی ایس نے سافٹ ویئر ڈیپارٹمنٹ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی۔ ٹورنامنٹ میں 13 مختلف ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ میچز عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کنوینر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ سید محمد محسن کاظم تھے جبکہ پرنسپل شاہد جمیل نے تقریب کی صدارت کی۔
فائنل میں سافٹ ویئر ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز بنائے، جس کے جواب میں بی ایس سی ایس نے صرف چھ اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ بی ایس سی ایس کے کپتان حارث نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 10 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے، جن میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ بہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سیمی فائنلز میں بی ایس سی ایس نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس جبکہ سافٹ ویئر نے سول ڈیپارٹمنٹ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
چیمپئن شپ کے دوران خواتین کا نمائشی کرکٹ میچ بھی منعقد کیا گیا، جس میں اے آئی ٹی وائٹ نے اے آئی ٹی گرین کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بائیو میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی کائنات اور بسمہ جبکہ آرکیٹیکچر کی حفصہ زوہیب نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اس کے علاوہ اے آئی ٹی اسٹیبلشمنٹ اور فیکلٹی کے درمیان دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا جس میں فیکلٹی ٹیم نے 25 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر کنوینر سید محمد محسن کاظم اور پرنسپل شاہد جمیل نے کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔