کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے چار میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغان بلے باز زر عالم نے 13، آصف نے 28 اور رحیم نے 26 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے عمران نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے، جبکہ محمد فیاض نے تین اور ایوب نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 15.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ اسامہ 66، محمد فیاض 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ احمد نے 16، مثال نے 5، محمد ذیشان نے 5 اور مبین نے 6 رنز اسکور کیے۔ عمران ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سیریز کا دوسرا میچ 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا، تیسرا یکم اکتوبر اور چوتھا و آخری میچ دو اکتوبر کو شیڈول ہے۔