محراب پور (رپورٹ: محمد علی ملک) مسلح افراد کی دکان میں بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ دو افراد ہلاک ایک زخمی واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ پولیس، تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز مٹھانی روڈ پر کریانہ کے دکان پر بیٹھے افراد پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد عبدالحمید خاصخیلی اور ذاکر حسین خاصخیلی اور دکاندار جواد احمد شدید زخمی ہوگئے، عبدالحمید اور ذاکر حسین زخموں کی تاب نالاتے ہوئے موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے جبکہ دکاندار جواد کو بہتر علاج کے لیے نواب شاہ ریفر کردیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مقتولین نوشہرو فیروز کورٹ میں پیشی کے بعد دوست کی دکان پر بیٹھے تھے کہ مسلح افراد نے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثہ کے حوالے کردیں، ذرائع کے مطابق مقتولین کا تعلق لاکھا روڈ سے بتایا جاتا ہے جہاں خاصخیلی اور مری بلوچ قوم میں عرصہ چار سال سے زمین کا تنازعہ چل رہا ہے جس میں دونوں برادریوں کے 12 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور درجنوں بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہوگئی ہیں۔