کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگانے سے ثابت ہوگیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی۔ ایک سیاسی شخص کو ایڈمنسٹریٹر لگا کر سندھ حکومت نے وفاق سے کیا ہوا معاہدہ توڑا ہے۔ سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے کو سیاسی کر کے متنازع بنا دیا ہے۔ پارٹی دفتر سے جاری اپنے بیان میں طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ثابت کر دیا کہ انہیں کراچی کی ترقی سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔ بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کی سب سے بڑی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں اپنی شکست سے خوفزدہ ہے۔ سندھ حکومت کے سیلیکٹڈ ایڈمنسٹریٹر کو 2018 کے عام انتخابات میں عوام ریجیکٹ کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا اگلا ہدف کراچی کی ترقی کے لئے مختص فنڈز پر ہاتھ صاف کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی جانتی ہے کہ ان کی سندھ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اس لئے جاتے جاتے مال سمیٹنے میں مصروف ہیں۔ جب سے وزیر اعظم عمران خان نے سندھ کا رخ کرنے کی بات کی ہے تب سے پیپلز پارٹی کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ سندھ حکومت اچھی طرح جان لے کہ ہم انہیں سندھ کو مزید تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ سندھ حکومت کی کراچی کو تباہ کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد کشمیر اور گلگت سمیت دیگر صوبوں سے مسترد ہونے کے بعد بہت جلد پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی صفایا ہونے والا ہے۔