کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا جہاں صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ کے ارکان نے ان کا استقبال کیا ملاقات میں صحافیوں کو درپیش مسائل پریس کلب کے فلاحی و انتظامی امور اور میڈیا سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب کی جانب سے خواتین صحافیوں کے لیے اسکوٹی ڈرائیونگ تربیت اور 639 اراکین کے پلاٹوں کی بیلٹنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ شرجیل میمن نے یقین دہانی کرائی کہ تربیت مکمل کرنے والی خواتین صحافیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے بعد اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ 639 اراکین کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز دینے کی تقریب میں بھی وہ خود شرکت کریں گے۔ انہوں نے سندھ حکومت کے ’’سندھ وژن‘‘ پروگرام کے تحت سکھر اور تھرپارکر میں صحافیوں کے لیے مجوزہ پروگرام میں کراچی پریس کلب سے تعاون کی درخواست بھی کی۔ ملاقات میں سینئر صحافی مظہر عباس نے این سی سی آئی کی جانب سے صحافیوں کو نوٹسز جاری کرنے اور طلب کیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ایف یو جے، کراچی یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلبز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنی سفارشات حکومت سندھ کو پیش کرے، جن کا جائزہ لے کر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔