کراچی، (رپورٹ: ذیشان حسین) دسویں اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز 2026 شہر کے مختلف کھیلوں کے میدانوں میں شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگئے۔ پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ گیمز میں پرائمری، سیکنڈری اور کالج کی سطح پر ہزاروں طلبہ و طالبات نے 26 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ اے لیولز/انٹر کی جنرل ٹرافی الفا کالج نے 3,500 پوائنٹس کے ساتھ جیتی، جبکہ او لیولز/میٹرک کی جنرل ٹرافی حبیب پبلک اسکول نے 2,500 پوائنٹس حاصل کرکے اپنے نام کی۔ چھٹی تا آٹھویں جماعت کی جنرل ٹرافی 3,000 پوائنٹس کے ساتھ سیڈر اسکول جبکہ چوتھی تا پانچویں جماعت کی جنرل ٹرافی 1,500 پوائنٹس کے ساتھ ہیپی ہوم اسکول نے حاصل کی۔
اختتامی تقریبات میں ڈاکٹر اسد اسحاق، علی ڈنو گوپانگ، تاجکستان کے قونصل جنرل ارشاد علی قاسم اور ڈی آئی جی ٹریفک و چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ سید پیر محمد شاہ سمیت کھیلوں اور تعلیمی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ دسویں اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن نے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومت سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، مدائن، گولڈ اسپورٹس اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس او اے کے صدر و سی ای او مقبول آرائیں نے شریک اداروں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی، فاتحین اور رنرز اپ 3 سے 7 جنوری 2027 تک ملائیشیا میں ہونے والے دسویں ایشین اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔