Home/اہم خبریں/بلین ٹری کمپین کو کامیاب بنانے کے لیے جامعہ گجرات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے پھلدار پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا
بلین ٹری کمپین کو کامیاب بنانے کے لیے جامعہ گجرات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے پھلدار پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا
گجرات (بیورو رپورٹ) جامعہ گجرات میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے پھلدار پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کی بلین ٹری کمپین کو کامیاب بنانے کے لیے امسال جامعہ گجرات کے اسٹیٹ کیئر کی زیر نگرانی 13 جولائی سے شجر کاری کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس مہم کے دوران اساتذہ و انتظامیہ جامعہ گجرات کیمپس کے مختلف مقامات پر تقریباً 1500 پودے لگانے کاعزم کیے ہوئے ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ درخت دھرتی کا حسن، ماحول کی پاکیزگی اور انسانی صحت کے پاسبان ہیں۔ جامعہ گجرات کا سرسبز و شاداب کیمپس نوجوان طلبہ کی امنگوں کا آئینہ دار ہے۔ پھلدار و سایہ دار درخت صدقہ جاریہ ہیں۔ ایکو سسٹم کے توازن کو قائم رکھنے میں درخت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پودوں کی کاشت کے ساتھ ساتھ ان کو درختوں کی صورت پروان چڑھانا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شبر عتیق کے علاوہ فیکلٹی ڈین، مختلف شعبہ جات کے صدور، چیئرپرسن و ڈائریکٹروں، یونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر اراکین اور اساتذہ نو دیگر سٹاف نے فرداً فرداً حافظ حیات کیمپس میں مختلف جگہوں پر پودے لگاتے ہوئے انہیں تناور درختوں کی صورت میں پروان چڑھانے کا عزم کیا۔ ڈین فیکلٹی برائے سائنس پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے اس موقع پر وطن عزیز کی سر سبزی اور شادابی کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔ یاد رہے کہ جامعہ گجرات کے حافظ حیات کیمپس کو ملک بھر کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سرسبز و شاداب ہونے کا فخر حاصل ہے، دور حاضر میں شجر کاری ایک اہم سماجی ذمہ داری تصور کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر شبر عتیق نے جامعہ گجرات کے تمام شعبہ جات کے اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ سے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پر زور تعاون کی اپیل کی۔ ایک درخت تقریباً آٹھ لوگوں کو آکسیجن مہیا کرتے ہوئے موسمیاتی تغیر و تبدل میں خوشگوار تبدیلی کا حامل ہے۔ انچارج اسٹیٹ کیئر ڈاکٹر سجاد حسین سمرا نے بتایا کہ جامعہ گجرات پھلدار پودوں کی کاشت کو فروغ دیتے ہوئے اپنے وسائل کے ذریعے 1500 پودوں کی کاشت و حفاظت کو یقینی بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ امسال جامعہ گجرات کے حافظ حیات کیمپس پر جامن، آم، فالسہ، لوکاٹ، نیم، بکائن اور پیپل کے پودے لگانے کا اہتمام کی رہی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ تمام پودے جامعہ گجرات کے کیمپس پر قائم نرسری کی جانب سے مہیا کیے گئے ہیں۔