ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ٹنڈو آدم میں صفائی و ستھرائی کا نظام درہم برہم، متعدد علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، افسران بالا واٹس اپپ گروپ تک محدود، سماجی تنظیموں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ ٹنڈو آدم میں صفائی و ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث متعدد علاقے محلہ الہٰیار، نیو سٹی، احمد آباد، لیبر کالونی، کھڈ پاڑہ، بسمہ اللہ کالونی، اسمال انڈسٹریز، رشید کالونی، سمیت دیگر علاقوں میں نالوں و گٹروں کی صفائی نہ ہوسکی جبکہ دیگر علاقوں میں کچرا نہ اٹھانے کے باعث گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ سیوریج کے نظام کے ناکارہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور تعفن نے ناک میں دم کر رکھا ہے۔ گندگی کے باعث متعدد علاقوں میں تعفن پھیلنے کے سبب علاقہ مکین ڈائریا، ملیریا، سانس کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ افسران بالا واٹس ایپ گروپ سے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے نظر آتے ہیں۔ جہاں فوٹو سیشن کے زریعے افسران کو سب اچھا ہے کی رپورٹ موصول ہورہی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عملہ صفائی بعض سیاسی شخصیات اور افسران کے گھروں میں کام پر مامور ہیں، سماجی تنظیموں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی و ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث بیشتر علاقے جوہڑ میں تبدیل ہوگئے جبکہ شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اور زاتی طور پر افسران کو شکایات کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے جارہے۔ ایڈمنسٹر و اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ شہر میں صفائی و ستھرائی کے حوالے سے عملی اقدامات بروئے کار لاکر شہریوں کو گندگی و غلاظت سے نجات دلائیں۔