کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما طاہر ملک نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت ملک بھر میں انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جوکہ انتہائی قابل تحسین ہیں۔ احساس پروگرام کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت نے اربوں روپے ملک کے مستحق اور ضرورت مند طبقے تک پہنچائے ہیں۔ ایسے کسی پروگرام کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ انصاف صحت کارڈ، احساس راشن پروگرام، احساس کفالت پروگرام جیسے فلاحی اقدامات پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے بہترین اقدامات میں سے ایک ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کے حل کو پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنی اولین ترجیح سمجھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار طاہر ملک نے مومن آباد ٹاؤن کے پارٹی دفتر میں احساس پروگرام کے تحت رجسٹریشن مہم کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احساس پروگرام کی ٹیم نے پارٹی کے مومن آباد دفتر میں اہلیان علاقہ کی احساس پروگرام میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جس کے ذریعے علاقے کے لوگ احساس پروگرام کی مختلف اسکیموں سے مستفید ہو سکیں گے۔ طاہر ملک کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مدینہ کے طرز کی فلاحی ریاست بنانے کا عزم لے کر عام انتخابات میں اترے تھے اور ہمیں خوشی ہے کہ فلاحی ریاست کا جو نعرہ عمران خان نے لگایا تھا اس پر اب عمل جاری ہے۔ ملک کا غریب اور متوسط طبقہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان کا شکر گزار ہے۔ طاہر ملک نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے کو ترجیح دی تھی۔