کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے ٹھٹھہ پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدر مرزا مقبول، صدر پریس کلب ٹھٹھہ اقبال احمد جاکھرو، جنرل سيکریٹری عبدالوہاب شیخ، ڈاکٹر شاہد صدیقی، سراج احمد، رحمت اللّٰه چھٹو اور رشید جاکھرو شامل تھے۔ ملاقات میں ٹھٹھہ کے صحافیوں کو درپیش مشکلات، ٹھٹہ پریس کلب میں قائم ڈیجیٹل لائبریری کے قیام پر اس کے افتتاح سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد اس ملک کی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو سہولیات کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ ٹھٹھہ پریس کلب کی ایک تاریخ ہے اور یہاں کے صحافیوں نے آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ میں جلد ہی ٹھٹھہ پریس کلب کا دورہ کروں گا۔