ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ٹنڈو آدم میں مقامی آبادگاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قائم سندھ پاک آبادگار فورم کی طرف سے آبادگار سیمینار کا انعقاد، سیاسی تنظیموں کے شرکاء سمیت کاشتکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈو آدم کے مقامی ہال میں آبادگاروں کے مسائل کے حل کے لئے سندھ پاک آبادگار فورم کی طرف سے سمینار منعقد کیا گیا جس میں سیاسی تنظیموں کے رہنماوں سمیت مقامی کاشت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ پاک تحریک کے سربراہ شاہجہان جونیجو، امتیاز علی شورو، ڈاکٹر قمبر علی مری، حبیب اللہ خان مری، عقیل ماکورانی، عامر علی جونیجو، ایڈوکیٹ راشد علی خان، یعقوب مجاھد، لال محمد بلوچ، نظرمحمد مری، موسی ساند، ایڈوکیٹ الطاف جونیجو، باغی مجاہد تھہیم، غفور کیریو، سرور ابڑو و دیگر نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ سندھ زرعی صوبہ ہونیکے باوجود سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کی ناقص اور کاشتکار دشمن پالیسیوں کے سبب سندھ کی زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے چھوٹے کاشتکاروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے آبادگاروں کو ریوینیو، زراعت، اسکارپ سمیت دیگر دیگر محکموں میں سنگین مسائل درپیش ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بھل صفائی کے دوران اسکارپ کی غفلت کی وجہ سے بیشتر ٹیوب ویل ناکارہ ہوچکے ہیں جو زرعی اراضی کو سیم و تھور میں تبدیل ہونیکا سبب بن رہا ہے جبکہ گندم کی فصل کے وقت محکمہ فوڈ کی طرف سے چھوٹے کاشتکاروں کو باردانا فراہم نہیں کیا جاتا جسکی وجہ سے کاشتکار سرکاری نرخ پر گندم فروخت کرنے سے محروم رہ جاتا ہے اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے اسی طرح کپاس اور گنے کی فصل کے وقت بھی ہیرا پھیری کرکے کاشتکاروں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے کاشتکاروں کو متحد ہونیکی ضرورت ہے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈال کر اپنے مسائل حل کروائے جاسکیں۔