کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس اور سندھ رینجرز کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ یہ بات انہوں نے بھٹائی رینجرز سندھ کے لیفٹیننٹ کرنل حیدر رضا اور ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ سے کاٹی میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پہ زبیر چھایا، دانش خان، مسعود نقی، ذکی شریف، نگہت اعوان، شیخ عمر ریحان، شیخ فضل جلیل اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ صدر کاٹی سلیم الزماں نے اس موقع پر افسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس شہر کے امن و امان کو قائم رکھنے میں پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ اس شہر کی روشنیوں کو واپس لانے اور امن کو قائم کروانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موثر کردار ادا کیا۔ سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زبیر چھایا نے کہا کہ کاٹی کے پولیس اور رینجرز کے ساتھ بہترین روابط ہیں جبکہ کورنگی صنعتی علاقے میں پیٹرولنگ کے باعث امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملکی معیشت کو کمزور اور پاکستان کو یورپی ممالک سے ملنے والی جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرانے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، ان کے عزائم ناکام کرنے کے لیے ہم اپنے سیکیورٹی اداروں کےساتھ کھڑے ہیں۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے چیئرمین دانش خان نے کہا کہ بڑے جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے تاہم اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں جھوٹی تھریڈ الرٹ سے معاشرے میں افراتفری پیدا ہو رہی ہے جس کے سدباب کے لئے موثر کارروائی اور اقداما ت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھپرا ہوٹل کی بھرمار سے جرائم پیشہ عناصر کی مجرمانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے 52 ونگ بھٹائی رینجرز سندھ کے لیفٹیننٹ کرنل حیدر رضا نے کہا کہ کراچی اور اس کی تاجر و صنعت کار برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک حکمتِ عملی کے تحت عوام کی نظروں میں رینجرز اور پولیس کی اعلیٰ کارکردگی کے تاثر کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد کراچی میں امن و امان خراب کرنا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ نے خطاب میں کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج شہر سے بڑے جرائم کا تقریباً خاتمہ ہوگیا ہے، اسٹریٹ کرائم ایک مسئلہ ضرور ہے لیکن باہمی تعاون سے حکمت عملی تشکیل دے کر اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔