کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان اسکریبل کے لیے ایک اور اعزاز، ورلڈ اسکریبل ایسوسی ایشن (ویسپا) نے نوجوانوں میں اسکریبل کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں طارق پرویز کو عالمی اسکریبل ایکسیلینس ایوارڈ سے نواز دیا۔ طارق پرویز نے دنیا بھر میں ہونے والی ووٹنگ میں 60 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔ ورلڈ اسکریبل ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ ووٹنگ انگریزی بولنے والے ممالک میں کرائی گئی۔
طارق پرویز 2010 سے پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن میں ڈائریکٹر یوتھ پروگرام کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی مسلسل محنت اور کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کا یوتھ اسکریبل پروگرام دنیا کا سب سے بڑا نوجوانوں کا اسکریبل پروگرام بن چکا ہے۔ وہ 2023 میں ورلڈ یوتھ کمیٹی کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران انہوں نے سری لنکا، ملائیشیا اور کینیا میں عالمی یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
عالمی اسکریبل ایکسیلینس ایوارڈ کی دیگر چار کیٹیگریز میں نائجیریا کے ادیدیجی خلیل کو بہترین ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، امریکا کے ول اینڈرسن کو بہترین مواد تخلیق کار، کینیڈا کے جوش گرین وے کو بہترین اسٹریمر اور گھانا کے ہارونا ادامو کو بہترین پروموٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔ طارق پرویز کی یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کے اسکریبل پروگرام اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اعتراف کی ایک اہم مثال ہے۔