Home/اہم خبریں/پاکستان کو مسلسل دوسری بار ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی مل گئی، آن لائن ایونٹ 7 سے 22 اگست تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا
پاکستان کو مسلسل دوسری بار ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی مل گئی، آن لائن ایونٹ 7 سے 22 اگست تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان مسلسل دوسری بار ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی کرے گا۔ چیمپیئن شپ 2006 سے سالانہ بنیاد پر کھیلی جارہی ہے لیکن کورونا کے باعث 2019 کے بعد اس کا انعقاد نہ ہوسکا۔ پاکستان نے 2020 میں پہلی بار ایونٹ کی آن لائن میزبانی کی پیشکش کی جسے منظور کرلیا گیا یوں پاکستان نے گزشتہ سال پہلی ورچوئل چیمپیئن شپ کی میزبانی کی۔ چیمپیئن شپ کی کامیابی کے بعد ویسپا نے ورچوئل چیمپیئن شپ کو اپنے سالانہ کیلینڈر کا حصہ بنالیا۔ اب پاکستان مسلسل دوسرے سال ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ کی میزبانی کرنے جارہا ہے جو 7 سے 22 اگست تک کھیلا جائے گا۔ 7 سے 15اگست تک کھیلے جانے والے پہلے مرحلے میں ہر کھلاڑی 36 گیمز کھیلے گا۔ ٹاپ ٹین کھلاڑی 22 اگست کو کھیلے جانے والے فائنل میں ان ایکشن ہوں گے۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق چیمپیئن شپ میں پاکستان کی چھ رکنی ٹیم حصہ لے گی جس کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ ویسپا نے ولی محمد خبیب کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔