محرم الحرام حرمت والا اور صبر کا مہینہ ہے
تمام مسلک کے افراد محبت رواداری کو فروغ دیں: رائے عمر حیات خان منج
کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ایڈیٹر نیوز آف پاکستان) رائے عمر حیات خان منج نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام حرمت والا اور صبر کا مہینہ ہے امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی قربانی ہمارے لئے ایک بہترین نمونہ ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں صبر اور اسلام کی خاطر قربانی دینے کا جذبہ فراہم کرتا ہے۔ حق اور باطل کی لڑائی ازل سے لیکر قیامت تک جاری رہے گی حق کا ساتھ دینے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور باطل کا ساتھ دینے والوں کا نام ونشان مٹ جاتا ہے اور تاریخ ہمیشہ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ تمام مسلک کے افراد محبت رواداری کو فروغ دیں اور کسی کے لئے نفرت کا باعث نہ بنیں۔ سیاسی و سماجی شخصیت حاجی محمد جواد آف سعودی عرب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین علیہ اسلام نے عظیم قربانی دے کر استعماری قوتوں کے سامنے کلمہ حق کہنے کی روایت قائم کی ہے۔ اور محسن انسانیت کا یہی درس ہمارے لئے بہترین مشعل راہ ہے۔ محرم الحرام کا تقدس ہم سب پر فرض ہے۔ باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار عظیم خوبیوں سے نوازا تھا آپ نے میدان کربلا میں اپنے جانثار وفاشعار ساتھیوں سمیت اپنے نانا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال قربانیاں دے کر حق اور باطل کے درمیان واضح فرق کا پیغام دیا ہے۔ ساجد کمبوہ بانی و منتظم پیارا پاکستان ویلفئیر سوسائٹی رجسٹرڈ نے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نمائندہ ڈیلی پاکستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام تکریم انسانیت، حق گوئی، اخوت و مساوات، رواداری اور جذبہ ایثار کا درس دیتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ محرم الحرام کے اصل جذبہ اور حقیقی مقصد کو اُجاگر کیا جائے رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم نواسہ رسول حضرت امام حسین کی حق و صداقت کیلئے دی جانے والی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سر بلندی کیلئے جان کی قربانی دے کر پوری انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ باطل کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے۔ چاہے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینا پڑے۔ نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام نے اپنے عظیم عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔ حق اور انصاف کیلئے ڈٹ جانا اور جدوجہد کرنا حسینی طرز عمل ہے۔ سماجی و فلاحی شخصیت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت اور اتحاد اُمت کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں سرکٹا کر حق و صداقت کا عٙلم بلند کیا اور دین اسلام کو تاقیامت بقاء بخشی۔ سید الشہداء حضرت امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں اسلام کی بقاء کے لیے اپنا سر سجدے میں کٹا دیا اور اپنے جانثاروں کی جس انداز میں قربانی پیش کی اسلامی تاریخ اسے فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میدان کربلا میں کفر اور اسلام کی ایسی جنگ جس میں ظلم بربریت اور زیادتی کی انتہا کر دی گئی آخر فتح اسلام کی ہوئی۔ یزید کے برسرِاقتدار آنے کے بعد اسکی خواہش تھی کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اس کے ہاتھ پر بیت کر لیں۔ مگر امام حسین علیہ السلام نے صاف الفاظ میں انکار کر کے ترک وطن کو ترجیح دی۔ نواسہ رسول حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام محسنِ انسانیت ہیں اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت نے اسلام کو دوبارہ زندہ کیا۔