کراچی/ اسلام آباد (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکریٹری منسٹری برائے بین الصوبائی رابطہ صائمہ ندیم نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں ان کی دیگر مضوعات پر بات ہوئی۔ صائمہ ندیم نے وزیر اعظم عمران خان کوکل ہونے والی اہم قانون سازی سے متعلق خواتین ایم این اے کی جانب سے بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایم این اے صائمہ ندیم نے ملاقات میں سندھ اور بلوچستان میں خواتین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا سندھ میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے خواتین کو آگاہی پروگرام کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکولوں، کالجوں، یونیورسیٹوں اور دیگر مقامات پر خواتین کو حفاظت کے لئے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت روز اول سے خواتین کو با اختیار کرنے اور انہیں حقوق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید پاکستان میں جاری کھیلوں کے میدان، کھیل کی سرگرمیاں اور اُن کی بہتری کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس میں ایم این اے صائمہ ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے دیگر مقامات پر کھیلوں کے میدان آباد ہو چکے ہیں۔ آخر میں ایم این اے صائمہ ندیم نے خواتین کیلئے جنرل الیکشن میں خواتین کے لیے جنرل نشستوں کو بڑھانے اور خواتین کو مزید سیاسی طور پر با اختیار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔