کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون سے اور ابو ریحان اسپورٹس کے زیر اہتمام، سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن، پاکستان کھو کھو فیڈریشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے پہلی بلاول بھٹو زرداری گرلز انٹر اسکولز کھو کھو چیمپئن شپ ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں منعقد کی گئی۔ ایونٹ کے راؤنڈ میچز کے بعد دی گریس فل گرامر ہائر اسکول، دی کڈز اکیڈمی،عائشہ پبلک اسکول اور دی کنٹری اسکول نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے سیمی فائنل میں دی کڈز اکیڈمی نے دی کنٹری اسکول کو 13-1 سے اور دوسرے سیمی فائنل میں دی گریس فل گرامر اسکول نے عائشہ پبلک اسکول کو 7-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں عائشہ پبلک اسکول نے کنٹری اسکول کو 4-3 سے زیر کر کے تیسری پوزیشن پائی جبکہ فائنل میں دی گریس فل گرامر اسکول نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دی کڈز اکیڈمی کو 3-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، حفضہ سلیم چیمپئن شپ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں جبکہ فیئر پلے ٹرافی دی کنٹری اسکول نے حاصل کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی چیمپئن شپ کے فائنل کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کراچی کے صدر راشد خاصخیلی اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی صدر ضلع شرقی اقبال ساند مہمان اعزازی تھے۔تقریب کی صدارت سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے جمیل احمد نے کی۔ تقریب میں ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن آصف خان، پی ایس 126 کے صدر الیاس گبول، جنرل سیکرٹری سرور خان غازی، پی ایس 102 کے صدر ریاض بلوچ، انفارمیشن سیکرٹری ایوب عتیق، رہنما پیپلز پارٹی ایس ایم نقی، حاجی رضا خان دولت زئی، محمد بلال، عدنان چند، بٹ خان، ایپنک کے جنرل سیکرٹری شکیل یامین کانگا، سیکرٹری سجاس اصغر عظیم، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی ندیم خان، ڈائریکٹر ویمین اسپورٹس کمپلیکس ناہید عابدہ، فاؤنڈر پاکستان کھو کھو فیڈریشن نوشاد احمد، شبیر احمد، عارف وحید خان، مہوش فاروقی، شیخ محمد شکیل، نوید شمس قریشی، مریم بٹ بھی شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض محمد سلیم نے انجام دیئے۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ اولمپک کا ہر ممکن تعاون سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے ساتھ ہے اور اتنے شاندار ایونٹ پر میں آرگنائزنگ سیکرٹری شہروز علوی کو خاص طور پر مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ پورے سندھ میں تعلیم اور کھیل پر توجہ دی جائے میدانوں کو آباد کیا جائے، مجھے بے حد خوشی ہے کہ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن نے خواتین کا کامیاب ایونٹ منعقد کیا، سندھ حکومت آئندہ بھی کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرتی رہے گی۔ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے اختتامی تقریب میں تمام شریک اسکولوں، مہمان گرامی اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی صوبائی وزیر سعید غنی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافی اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔ ریفری کے فرائض طاہرہ یاسمین، نسمہ آصف اور منیبہ ہاشمی نے انجام دیئے۔