ایبٹ آباد (رپورٹ: اصغر شاہ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی او صاحبان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہری پور سے لیکر کوہستان اور بابو سر ٹاپ تک کوئی بھی اوور لوڈ ٹرک کو شاہراہ ریشم پر سفر کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ کو عوام کی جانب سے یہ شکایات موصول ہوئی کہ ہری پور تا کوہستان ٹرک ڈرائیور موٹروے پر لگے وزن کانٹا پر ٹیکس ادائیگی سے بچنے کیلئے اوورلوڈڈ ٹرک شاہراہ ریشم پر سفر کرتے ہیں جس سے شاہراہ ریشم کی حالت خراب ہونے کیساتھ ساتھ ٹریفک جام کا سبب بھی بنتے ہیں اور حادثات بھی رونما ہوتے ہیں خصوصاً ضلع ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم کا تعمیراتی کام ابھی ہی مکمل ہوا ہے اوورلوڈ ٹرکوں کی وجہ سے شاہراہ ریشم دوبارہ سے خراب ہو رہی ہے اور ٹریفک روانی میں بھی سبب پیدا کر رہے ہیں۔ جس پر ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے ایکشن لیتے ہوئے ہزارہ کے تمام ڈی پی اوز صاحبان کو ہدایات دی ہے کہ شاہراہ ریشم پر تمام اوورلوڈڈ ٹرکوں کے سفر پر مکمل پابندی عائد کی جائے، تمام پولیس چیک پوسٹ اور ناکہ بندیوں کے انچارج صاحبان کو یہ ہدایات جاری کریں کہ وہ اوور لوڈڈ ٹرک کو شاہراہ ریشم پرسفر نہ کرنے دیں۔ ٹریفک پولیس افسران ٹرک ایسوسی ایشن کے عہدیدارن سے میٹنگ کرکے ان کو یہ تحریری طور پر سختی سے ہدایات جاری کریں کہ وہ تمام ٹرک مالکان اور ٹرک ڈرائیوروں کو یہ ہدایات جاری کریں کہ وہ موٹر وے کے ٹیکس، جرمانہ کی ادائیگی سے بچنے کیلئے شاہراہ ریشم پر سفر نہ کریں اور آئندہ کے بعد اس کی خلاف ورزی کرنیوالے تمام ٹرک ڈرائیوروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو پابند سلاسل کرکے ٹرک کو بھی قبضہ پولیس کیا جائے گا اور انکے ڈرائیورنگ لائسینس کینسل کیے جائیں گے۔ ہزارہ میں قائم فیکٹری و تجاراتی مراکز، انڈسٹریز اور مائننگ کمپنیوں کے مالکان کو بھی تحریری ہدایات جاری کی جائے کہ ٹرکوں میں قانونی اجازت سے زائد وزن لوڈ نہ کریں تاکہ ان کے ٹرک ڈرائیوروں کو دوران سفر کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑا اور حادثات کی روک تھام میں بھی کمی لائی جاسکے۔ اسکے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈن پولیس افسران شاہراہ ریشم پر کمپیوٹرئزاڈوزن کانٹا پر قائم عملہ کو بھی ہدایات جاری کریں کہ وہ مخصوص وزن سے زائد وزن لیکر جانیوالے ٹرکوں کی فورا ً اطلاع ٹریفک پولیس کو دیں تاکہ انکے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جاسکے۔