کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فنکار برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ پیش پیش ہے، آرٹس کونسل کے ایک ایک وسائل اور میری ذات پر فنکاروں کا حق ہے، ہمارے معاشرے کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو فنکار کی اہمیت کو سمجھیں، ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے شہنشاہ غزل مہدی حسن کے صاحبزادوں آصف مہدی، عارف مہدی اور طبلہ نواز خورشید حسین کی یاد میں آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے کیا، محمد احمد شاہ نے کہا کہ مہدی حسن اور خورشید حسین کے گھرانے سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، اللہ کا کرم تھا کہ ہماری تجویز پر خورشید حسین کو ان کی زندگی میں ہی پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب کے اعتماد سے مجھے ہمت ملتی ہے کہ میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتا رہوں، تعزیتی ریفرنس میں آصف مہدی، عارف مہدی اور طبلہ نواز خورشید حسین کے اہلِ خانہ سمیت میوزک انڈسٹری کی معروف شخصیات اور اراکینِ گورننگ باڈی آرٹس کونسل کراچی نے شرکت کی، پروگرام کی نظامت کے فرائض نعمان خان اور تنویر آفریدی نے ادا کیے، اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن کے پروڈیوسر امجد شاہ کی آصف مہدی کی گائیکی پر بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، آصف مہدی کی اہلیہ روبی نے ان کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف مہدی بہت اچھے شوہر اور اچھے والد تھے، انہوں نے ہمارے دلوں میں کوئی حسرت نہیں چھوڑی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے یہ محفل سجائی، آصف مہدی کے بیٹے علی نے کہا کہ والد کے جانے کے بعد سیکھنے کا باب بند ہوگیا ان کی کمی کو کوئی پورا نہیں کرسکتا، ڈاکٹر ہما میر نے کہا کہ مہدی حسن کے خاندان سے میرا پرانا تعلق ہے، ہم پڑوسی تھے ان کا غم مجھے اپنا غم محسوس ہوتا ہے، معروف موسیقار اظہر حسین نے کہا کہ ہمارے تین قیمتی دوست چلے گئے، میں آرٹس کونسل اور احمد شاہ کے اس عمل سے متاثر ہوں کہ ہم سب یہاں جمع ہیں، اُستاد غلام عباس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہدی حسن کے گھرانے کا شاگرد ہونا اعزاز کی بات ہے، فنکار اپنی زندگی، دیوانگی اور جنونیت کی حد تک اپنے کام سے لگن رکھ کر گزارتا ہے، فنکاروں کی فلاح کے لئے مجھے جب بھی پکارا جائے گا غلام عباس حاضر ہے، پاکستان ٹیلی ویژن کے پروڈیوسر امجد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کی اچھی روایت ہے کہ دنیا سے رخصت ہوجانے والے فنکاروں کی یادیں تازہ کی جاتیں ہیں، اس موقع پر گلوکار سلمان علوی، گلوکار محمد علی، شریف اعوان، جمال اکبر، فیصل لطیف، کرم عباس خان، فیصل ندیم اور دیگر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تینوں فنکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔