کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے جنگ اور جیو نیوز پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور جیو پر حملہ آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کی کوشش ہے، آفاق احمد نے کہا کہ شہر کے باہر سے جن لوگوں کو لاکر مسلط کیا گیا انہوں نے نہ صرف عوام بلکہ میڈیا ہاؤسز تک کو یرغمال بنانا شروع کردیا ہے، اگر اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو شہر خطرے میں پڑجائے گا، آفاق احمد نے کہا جنگ اور جیو پر حملہ خطرناک ہے جس کا تدارک روایتی بیانات سے ممکن نہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے، آفاق احمد نے کہا کہ ماضی میں بھی میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں پر حملے ہوتے رہیں ہیں اگر حکومت سنجیدگی اختیار کرتی تو آج جنگ اور جیو میں توڑ پھوڑ اور صحافی و عملہ محصور نہ ہوتے لیکن حکومت خود غیر سنجیدہ ہے جس کا خمیازہ آج جنگ اور جیو کو بھگتنا پڑ رہا ہے، آفاق احمد نے مزید کہا کہ جنگ اور جیو پر حملہ ناقابل برداشت ہے، حکومت ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور جنگ و جیو کے عملہ سمیت تمام صحافیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔