نوشہرو فیروز (رپورٹ: محمد علی ملک) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے مہم چلانے کے سلسلے میں ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو کورونا سے بچانے کے لئے ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کرنے کے احکامات ملے ہیں۔ اس وقت ضلع بھر میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے چار ہزار افراد کو روزانہ کے حساب سے ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ اس لئے ضلع بھر کی تمام مال پڑیوں، بس اسٹاپ اور کاروباری مارکیٹوں میں موبائل ٹیمیں بھجوا کر ویکسین کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ان کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی ویکسین لگوانے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ جبکہ ضلع بھر کی عوام کے لئے آگاہی فراہم کرنے کے لئے تمام مساجد میں خطبہ جمعہ کے دوران اور ایف ایم ریڈیو پر پروگرام نشر کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے بڑی عمر کے تمام افراد لازمی طور ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے افسران اس مہم میں حصہ لے کر اسے کامیاب بنائیں۔محکمہ پولیس کی جانب سے ہر موبائل ٹیم کو دو اہلکار سیکورٹی کے لیے فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید عمار حسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر سکندر علی عباسی، ڈی ایم آئی ایچ ایس ڈاکٹر فدا حسین میمن کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور محکمہ صحت کے افسران موجود تھے۔