ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) چنگ چی کی ٹکر سے سائیکل سوار ستر سالہ بزرگ دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اسلام آباد پمز ہسپتال میں دم توڑ گیا، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، پولیس نے چنگ چی ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خیر آباد کالونی ڈیرہ کا رہائشی ستر سالہ محمد طارق مسعود ولد سعد اللہ خان قوم بوچڑہ دو روز قبل سودا سلف خرید کر سائیکل پر گھر جارہا تھا کہ ڈیال روڈ پر تیزرفتار چنگ چی کی ٹکر سے شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیا گیا جہاں پر تشویشناک حالت میں اسے اسلام آباد پمز ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
متوفی کی لا ش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ مرحوم کی نمازجنازہ کوٹلی امام حسین میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ کینٹ پولیس نے متوفی کے بھتیجے محمد زبیر کی رپورٹ پر حادثے کا مقدمہ چنگ چی ڈرائیور فاروق سکنہ بستی میکن کے خلاف درج کر لیا ہے۔