تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث جاری حکومتی و اپوزیشن ارکان نے تجاویز اور تحفظات پیش کر دیے

سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث جاری حکومتی و اپوزیشن ارکان نے تجاویز اور تحفظات پیش کر دیے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ اسمبلی کا اجلاس 27 جون کو اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری رہا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ارکان نے بجٹ پر تفصیلی اظہارِ خیال کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر اپنے اپنے مؤقف پیش کیے۔

بجٹ بحث میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شیر محمد جمانی، جمیل سومرو، ذوالفقار شاہ، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاولہ نے حصہ لیا، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رکن طٰہٰ احمد نے اپوزیشن کی جانب سے بجٹ تجاویز پر اظہارِ خیال کیا۔ حکومتی ارکان نے بجٹ کو متوازن، ترقی پسند اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تعلیم، صحت، توانائی، بلدیاتی ترقی، انفراسٹرکچر، زراعت اور سماجی بہبود کے شعبوں کے لیے ریکارڈ وسائل مختص کیے ہیں۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مکیش کمار چاولہ نے محصولات کے نظام میں بہتری، ٹیکس اصلاحات اور عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ شیر محمد جمانی، جمیل سومرو اور ذوالفقار شاہ نے بھی بجٹ کی مختلف تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم (پاکستان) کے رکن طٰہٰ احمد نے بجٹ کو شہری علاقوں، خصوصاً کراچی کے عوام کی توقعات کے مطابق نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے پانی، سیوریج، صفائی، ٹرانسپورٹ، بلدیاتی اختیارات اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان بعض مواقع پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی جاری رکھتے ہوئے اجلاس کی کارروائی آئندہ روز تک ملتوی کر دی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

وینزویلا میں زلزلہ اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کا جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے وینزویلا میں آنے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے