اسلام آباد، (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) اور اقوام متحدہ کے یوتھ آفس کے اشتراک سے فٹبال 4 مینٹل ہیلتھ پروگرام کا باقاعدہ آغاز اسلام آباد میں کر دیا گیا۔ اس تقریب میں کھلاڑیوں، عہدیداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جس کا مقصد ذہنی صحت کے فروغ اور سماجی ترقی میں فٹبال کے کردار کو اجاگر کرنا تھا اس موقع پر پاکستان کو یو این فٹبال 4 مینٹل ہیلتھ اقدام کے پائلٹ ممالک میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ذہنی دباؤ اور سماجی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جس کے پیش نظر ذہنی صحت اب ایک فوری ضرورت بن چکی ہے اور فٹبال نوجوانوں کیلئے امید اور شفا کا مؤثر ذریعہ ہے۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ فٹبال کی اصل طاقت میدان سے باہر معاشرتی تبدیلی میں مضمر ہے، اور فیڈریشن کی ذمہ داری صرف کھیل کا انعقاد نہیں بلکہ نوجوانوں کی کردار سازی بھی ہے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر چھ ماہ کیلئے شروع کی گئی یہ مہم اب ایک سال تک بڑھا دی گئی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 400 سے زائد ذہنی صحت کے سفیر تیار کیے جائیں گے پاکستان خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ خان اور سابق کھلاڑی ملیکا نور نے بھی اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے فٹبال کو ذہنی مضبوطی اور جذباتی استحکام کا ذریعہ قرار دیا تقریب کے اختتام پر پی ایف ایف اور اقوام متحدہ کے درمیان اعلامیے پر دستخط کے ساتھ پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔