کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل سنسنی خیز صورتحال اختیار کر گئی ہے، جہاں پلے آف مرحلے کے لیے مقابلہ انتہائی سخت ہو چکا ہے۔
ناقابل شکست پشاور زلمی سات میچز میں 13 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ دوسری جانب راولپنڈیز چھ میچز میں مسلسل شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے پلے آف کی باقی تین نشستوں کے لیے چھ ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ اسلام یونائیٹڈ سات میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ملتان سلطانز چھ میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر مضبوط پوزیشن میں ہیں۔
ٹیبل کے وسط میں بھی صورتحال نہایت دلچسپ ہے، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، حیدرآباد کنگز مین اور کراچی کنگز چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز چھ میچز میں صرف چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہیں اور انہیں پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اپنے باقی چاروں میچز جیتنا ہوں گے۔ مسلسل تین شکستوں کے بعد آج ان کا اہم مقابلہ راولپنڈیز کے خلاف ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا پلے آف مرحلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا، جبکہ بقیہ 14 لیگ میچز ایونٹ کو مزید سنسنی خیز بنانے کے لیے تیار ہیں۔