کراچی، ( رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں لاہور قلندرز کو چھ وکٹوں سے ہرا کر نہ صرف فتح اپنے نام کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی نمایاں بہتری حاصل کر لی۔
گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ شکست کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے پہلے قلندرز کو 134 رنز تک محدود کیا۔ عثمان طارق اور جہانداد خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔
لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز ہی تباہ کن ثابت ہوا اور ابتدائی اوورز میں چار وکٹیں گر گئیں۔ فخر زمان نے کچھ مزاحمت کی، جبکہ حسیب اللہ نے 33 رنز بنا کر اسکور کو سنبھالنے کی کوشش کی آخری لمحات میں اسامہ میر کی تیز رفتار اننگز نے ٹیم کو قابلِ ذکر مجموعے تک پہنچایا۔
جواب میں کوئٹہ کو بھی ابتدائی دھچکا لگا، مگر رائلی روسو اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 104 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔ روسو نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ حسن نواز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم مسلسل ناکامیوں کا شکار ہے اور آخری پانچ میچز میں چار شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نچلی پوزیشنز میں موجود ہے۔ دوسری جانب گلیڈی ایٹرز اس کامیابی کے ساتھ ٹاپ فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف 22 گیندیں قبل حاصل کر کے میچ یکطرفہ انداز میں اپنے نام کیا، جو ایونٹ میں ان کی پوزیشن کے لیے نہایت اہم ثابت ہوا۔