Home / اہم خبریں / محمد حارث کی نصف سنچری اور اسپنرز کی شاندار باؤلنگ پاکستان کی عمان پر 93 رنز سے فتح

محمد حارث کی نصف سنچری اور اسپنرز کی شاندار باؤلنگ پاکستان کی عمان پر 93 رنز سے فتح

دبئی/ کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی جارحانہ نصف سنچری اور اسپنرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے عمان کو ایشیا کپ ٹی20 کے چوتھے میچ میں 93 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ پاکستان کا ایونٹ میں پہلا میچ تھا۔ قومی ٹیم اب اتوار 14 ستمبر کو اسی میدان میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد حارث نے 43 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے صاحبزادہ فرحان (29) کے ساتھ دوسری وکٹ پر 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں عمانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں صرف 67 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہماد مرزا (27) نمایاں رہے جبکہ عامر کلیم اور شکیل احمد ڈبل فگر میں داخل ہونے والے دیگر دو بیٹرز تھے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنرز نے تباہ کن کارکردگی دکھائی۔ صوفیان مقیم اور صائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے صرف چھ رنز دے کر دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

یہ فتح قومی ٹیم کے لیے ایونٹ کا شاندار آغاز ثابت ہوئی اور شائقین اب پاک-بھارت مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے