ڈبلن (ویب /اسپورٹس ڈیسک) آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار 33، منیبہ علی 27، نتالیہ پرویز 31 اور کپتان فاطمہ ثنا 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ آئرلینڈ کی لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے 35 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد اورلا پرینڈرگاسٹ (51) اور لارا ڈیلینی (42) کی عمدہ بیٹنگ سے میچ جیتا۔ ریبیکا سٹوکل 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ جین میگائر نے آخری گیند پر چھکا لگا کر کامیابی دلائی۔
پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔