کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان شطرنج فیڈریشن کے 2017 میں ہونے والے انتخابات میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر ورلڈ شطرنج فیڈریشن نے ایکشن لے لیا۔ ورلڈ شطرنج فیڈریشن (فیڈے) کا وفد مکمل جانچ پڑتال کیلئے ہفتہ چھبیس اکتوبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ وفد کی قیادت فیڈے کے نائب صدر گرینڈ ماسٹر ڈاکٹر نائجل کررہے ہیں۔ وفد کے دورے کا مقصد پاکستان شطرنج فیڈریشن کے 2017 میں ہونے والے انتخابات کی جانچ پڑتال اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنا ہے۔ الیکشن میں قوانین کی خلاف ورزی منظرعام پر آنے اور پاکستان میں شطرنج کے گرتے ہوئے معیار پر فیڈے نے ازخود نوٹس لیا۔ وفد پاکستان ٹیم کی سلیکشن میں ہونے والی بے قاعدگی اور اقربا پروری کی بھی تحقیقات کرے گا۔ روس کے سابق ڈپٹی پرائم منسٹر اور ورلڈ شطرنج فیڈریشن کے صدر ارکدی دوورکوویچ کی ہدایات پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فیڈے کا اعلی اختیاراتی وفد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔ وفد پاکستان میں شطرنج کے اسٹیک ہولڈرز، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کرے گا۔
![]()