Home / اہم خبریں / کرونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

کرونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔ حکومت وعظ و نصیحت کی بجائے کرونا سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات پر فوکس کرے۔ اب تک کی صورتحال سے واضح ہو گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں کسی ناگہانی آفت سے نپٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ بہت سی بیماریوں سے دنیا بھر میں روزانہ ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں مگر کرونا کا اتنا خوف و ہراس پھیلا دیا گیا ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں مرنے والوں کی تعداد دن میں درجنوں بار بتائی جاتی ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، باوضو رہیں، پانچ وقت نماز کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا و استغفار کریں۔ حکومت ہر چھوٹے بڑے ہسپتال میں کرونا کی تشخیص اور علاج کا انتظام کرے صرف چند بڑے شہروں میں علاج کی سہولت دینا چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے کروڑوں عوام نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا جبکہ الخدمت سندھ کے صدرڈاکٹر سید تبسم جعفری، ناظم عمومی محمد دین منصوری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور وبائیں انسانوں کو اپنے خالق کی طرف رجوع کرنے کا پیغام دیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ انسانوں کو متوجہ کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ اے انسان تجھے جو بھلائی بھی حاصل ہوتی ہے وہ اللہ کی عنایت سے ہوتی ہے اور جو مصیبت آتی ہے وہ تیرے اپنے اعمال کی بدولت آتی ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ ہی بیماروں کو شفا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے ساتھ ساتھ اپنی طاقت کے گھمنڈ اور سائنسی ترقی کے زعم میں مبتلا دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کو بھی اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکنا اور اس کے اقتدار و اختیار اور حاکمیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کرونا وائرس کی تشخیص، علاج اور عوامی آگاہی کے حوالے سے نااہلی کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ حکومت خود اعتراف کر رہی ہے کہ اب تک سامنے آنے والے کیسز وہ ہیں جو مختلف ممالک سے پاکستان میں پہنچے ہیں لیکن اب تک بھی حکومت کرونا سے متاثر لوگوں کی ملک میں آمد کو روک سکی ہے نہ سکریننگ کا بااعتماد نظام قائم کیا جاسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اندر زیادہ خوف و ہراس حکومت کی نااہلی اور بے خبری کی وجہ سے پھیلا ہے۔ وفاق اور صوبے ایک دوسرے پر نااہلی کا الزام لگا رہے ہیں اور توبہ و استغفار اور عوام کو وبا سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کی بجائے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے میں لگے ہوئے ہیں۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے