ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ نے ضلعی پولیس سربراہان ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک و جنوبی وزیرستان و تمام ایس ڈی پی اوز اور تمام ایس ایچ اوز کو کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے اس پر 100 فیصد عمل درآمد کرایا جائے۔ کسی بھی علاقہ میں ایسے کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے جس میں پانچ یا پانچ سے زیادہ اشخاص کی شرکت ہو۔ اس حوالے سے تمام شادی ہالوں میں ہر قسم کی تقریبات پر مکمل بابندی عائد کی گئی ہے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی کھلے مقام میں ہر قسم کے پروگرامز مثلاً مجالس، میلاد، پارٹیز، جلسہ، جلوس وغیرہ کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، اگر کوئی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے تو اسکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اسی طرح ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان رینج نے تمام ایس ڈی پی اوز اور تینوں اضلاع کے ایس ایچ اوز کو سختی سے حکم دیا کہ کسی بھی علاقہ میں ایسے کسی بھی پروگرام کے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی یا کسی شادی ہال میں کوئی تقریب جاری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تو متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کے خلاف قانونی چارہ جوئی ہوگی۔ اسی حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس جیسی جان لیوا وبا سے محفوظ رہنے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں پولیس و حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تمام کے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو چاہئے کہ وہ رش والی جگہوں سے دور رہیں اور خاص طور پر کسی بھی ایسی جگہ یا مقام پر جانے سے گریز کریں جہاں پر دیگر مقامات یا علاقوں سے آئے ہوئے لوگ موجود ہوں۔
![]()